کانگریس جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، راہول گاندھی
نئی دہلی: کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ انکی جماعت جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے عمر عبداللہ کی بطو ر وزیر اعلیٰ سرینگر میں تقریب حلف برداری کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر لکھا”وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور جموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد۔ تاہم ریاستی درجے کی بحالی کے بغیر حکومت کی تشکیل ادھوری محسوس ہو رہی ہے“۔
راہول گاندھی، جو بھارتی پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف ہیں، نے لکھاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے جمہوریت چھین لی گئی ،ہم ریاست کی مکمل بحالی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دریںاثنا کانگریس کی مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ کے رہنما غلام احمد میر نے بھارتی وزیر اعظم مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنی خواہشات واضح کر دی ہیں، ریاست کی بحالی ہمارا بنیادی ایجنڈا تھا اور ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عوام کے مینڈیٹ کے مطابق تیزی سے کام کریں۔