مقبوضہ جموں و کشمیر

پیغمبر اسلام ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی ہرگزقابل برداشت نہیں،مسرت عالم بٹ

qqqqنئی دہلی: کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے واضح کیا ہے کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی شان اقدس میں کسی قسم کی گستاخی مسلمانوں کیلئے ہرگز قابل برداشت نہیں اورخاتم النبیین کی تعظیم وتکریم ہماری اپنی جان سے بڑھ کر ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہاکہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر میں زیر تعلیم ایک ہندو طالب علم کی طرف سے رسول اکرم ﷺ سے متعلق گستاخانہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے عمل سے پوری امت کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ مذموم عمل جموں و کشمیر میں ہندو مسلم خوشگوار تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہندوتوا پیروکاروں کی ایک منظم کوشش ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی انتہا پسند حکومت نہ صرف بھارت بلکہ جموں و کشمیر میں بھی اپنا ہندوتوا ایجنڈا آگے بڑھانے کیلئے بھر پور کوشش کر رہی ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے ملزم ہندو طالب علم کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے کشمیری مسلمانوں کے جذبات و احساسات کو چھیڑنے کی کوشش انتہائی خطرناک ہوگی ۔
مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کہ دنیا کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں مظالم جاری رکھنے کی شہ مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی مظالم میں شدت آئی ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button