کشمیر کے تصفیے کے بغیر ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں، سربراہ پاک فوج
نیویارک: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک نا ممکن رہے گا جب تک تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے حل نہیں کیا جاتا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران کہی۔
انہوں نے جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مو¿قف کا اعادہ کیا اور سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری جارحیت کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کریں۔
جنرل عاصم منیر نے خاص طور پر ان معصوم فلسطینی شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان تک خاطر خواہ امداد پہنچنے نہیں دی جا رہی۔ آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی تمام تر کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاک فوج کے سربراہ کے تحفظات کو جائز قرار دیا اور یو این ہیڈ کوارٹرز کے دورے پر انکا شکریہ ادا کیا۔