کینیڈا نے ایک اور نامور سکھ شہری کو ممکنہ قتل کی سازش سے خبردار کر دیا
اوٹاوا: کینیڈا نے ایک اور نامور سکھ شہری کو ممکنہ قتل کی سازش سے خبردار کر تے ہوئے کہاہے کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ 1985کے ایئر انڈیا بم دھماکے میں ملوث افراد میں سے ایک رپودمن سنگھ ملِک کے بیٹے ہردیپ ملِک کو کینیڈا کی نیشنل پولیس سروس نے باضابطہ طور پر خبردار کیا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق23 جون 1985کو آئرلینڈ کے ساحل پر ایئر انڈیاکے طیارے میں بم دھماکے سے 331مسافر ہلاک ہوگئے تھے اور اس وقت کہا گیا تھا کہ یہ دھماکا خالصتان نواز لوگوں نے گولڈن ٹیمپل کے واقعے کے انتقام میں کرایاہے۔ رپودمن سنگھ ملِک کو 14جولائی 2022کو برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں ان کے دفتر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھاجس کے بعد دوافراد پر ان کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ۔تاہم اب ان کے بیٹے ہردیپ ملک کو کینیڈا کی نیشنل پولیس سروس نے خبردار کیا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔مقتول سکھ رہنما کے بیٹے ہردیپ ملک کو یہ انتباہ اس وقت دیا گیا جب تفتیش کار رپودمن سنگھ ملک کے 2022کے قتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کینیڈین پولیس کے تفتیش کار فی الحال اس امکان کا جائزہ لے رہے ہیں کہ مقتول سکھ رہنما کے قتل کے پیچھے بھارتی حکومت تھی یا نہیں۔مقتول کی بیوہ اور ان کے خاندان کے کئی افراد گزشتہ ہفتے فرانس کا سفر کر رہے تھے جب کینیڈین پولیس نے ہردیپ ملک کو ایک خط بھیجا جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ اس کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔