بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہاہے،حریت رہنما
مظفرآباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے کہاہے کہ بھارت ریاستی جبر اور فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال سے مظلوم کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنونیئر محمود احمد ساغر،جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین، الطاف حسین وانی ، شیخ یعقوب اور عزیر احمد غزالی نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ریاست جموںو کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھااورپاکستان مسئلہ کشمیر کے اہم فریق کی حیثیت سے اس تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور دیرپا حل کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کی طرف سے5اگست 2019 کوجموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا غیر قانونی اقدام اور گزشتہ سال دسمبر میں اس سلسلے میں بھارتی سپریم کورٹ کے جانبدار فیصلے کے بعد مودی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کی تمام قومی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کو اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنائیں تاکہ پاکستان کے عوام بھارتی تسلط سے آزادی کی کشمیریوں کی تحریک آزادی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوسکیں۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام دس لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوجیوں کی ہاتھوں قتل عام ، ظلم و تشدد ، گرفتاریوں اور دیگر مظالم کامسلسل نشانہ بن رہے ہیں ۔ ان حالات میں پاکستان کی آئینی، قومی اوراخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارتی ظلم وتشدد کا نشانہ بننے والے کشمیری عوام کی آواز کو عالمی فورموں پر مزید موثر طورپر اجاگر کرے ۔