رام مندر کی افتتاحی تقریب پر بی جے پی کی سیاست ہندوﺅں کو تقسیم کر رہی ہے: وزیراعلی کرناٹک
بنگلورو:بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب پر بی جے پی کی سیاست ہندو برادری کو تقسیم کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ایک بیان میں کانگریس پارٹی کے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے گریز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عدم شرکت کا فیصلہ درست ہے اور میں اس فیصلے کی حمایت کرتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور سنگھ پریوار نے مذہبی پروگرام کو پارٹی پروگرام میں تبدیل کر دیا ہے اوراس طرح انہوں نے سری رام اور 140 کروڑ عوام کی توہین کی ہے، یہ ہندوو¿ں کے ساتھ دھوکہ ہے کیونکہ اسے سیاسی مہم بنا دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے رہنما جوہندو مذہب، ثقافت اور رسومات پر لیکچر دیتے ہیں ایک نامکمل مندر کے افتتاح پر خاموش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی جو اپنے اقتدار کے 10 سال مکمل کر رہے ہیں، اپنی نا کامیابیوں کے ساتھ عوام کے سامنے جانے سے کترا رہے ہیں لہذا وہ لوک سبھا انتخابات سے قبل نامکمل رام مندر کا افتتاح کر کے اپنے حق میں حمایت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار گزشتہ 30 سالوں سے رام کے نام پر کھیل رہے ہیں۔یا رہے کہ ریاست کرناٹک میں کانگریس کی حکومت ہے۔