6فروری کو برطانوی پارلیمنٹ میں ” یوم یکجہتی کشمیر “ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، راجہ نجابت
اسلام آباد:
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کہا ہے کہ ان کی تنظیم 6فروری کو برطانوی پارلیمنٹ میں ” یوم یکجہتی کشمیر “ کانفرنس کا انعقاد کرے گی جس میں تمام ہم خیال برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راجہ نجابت حسین نے جو تقریبا گذشتہ پانچ ماہ سے پاکستان و آزادجموں وکشمیر کے دورہ پر ہیں ایک بیان میں کہا کہ تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ایک ٹیم نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور انہیں کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کے بارے میں آگاہ کیا جارہا ہے ، انجیلا رائنر، اینڈریو گوئن و دیگر ارکان سے ہونے والی ملاقات میں انہیں مقبوضہ جموںوکشمیر کی تازہ ترین صورتحال او ر نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا گیا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ رکن برطانوی پارلیمنٹ ڈیبی ابراھم نے یوم یکجہتی کشمیر کانفرنس میں اپنی شرکت اور اس حوالے سے بھرپورتعاون کا یقین دلایا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کانفرنس کے مہمان خصوصی برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ممالک بسنے والے کشمیری مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر موثر طریقے سے اٹھا رہے ہیں اور چھ فروری کو برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی کانفرنس میں بھی یہی آوازبلند کی جائے گی کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دیا جائے کیونکہ کشمیریوں کو بھی دیگر اقوام کی طرح آزادی کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔