دلی کی عدالت کی طر ف سے نیوز کلک کے ایڈیٹر اور ایچ آر سربراہ کی عدالتی حراست میں توسیع
نئی دلی:
بھارت میں نئی دلی کی ایک عدالت نے ویب نیوز پورٹل نیوز کلک کے بانی ایڈیٹر پرابیر پورکاستھا اور ایچ آر سربراہ امیت چکرورتی کی عدالتی حراست میں 17فروری تک توسیع کر دی ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے نیوز کلک کے بانی اور ایچ آر سربراہ دونوں کے خلاف ویب نیوز پورٹل کی طرف سے چین کے حق میں پروپیگنڈہ کرنے کیلئے فنڈ وصول کرنے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ 9جنوری کو عدالت نے چکرورتی کو مقدمے میں وعدہ معاف گواہ بننے کی اجازت دی تھی جب انہوں نے خصوصی جج ہردیپ کور کی عدالت میں معافی کیلئے ایک درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے گزشتہ سال 22 دسمبر کو دلی پولیس کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مزید 60 دن کی مہلت دی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں، نیو یارک ٹائمز کی ایک تحقیقات میں دعویٰ کیاگیا تھا کہ مبینہ طور پر چینی پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے لیے نیوز کلک کی مالی اعانت امریکی کروڑ پتی نیویل رائے سنگھم کے نیٹ ورک کے ذریعے کی گئی تھی۔