آزاد کشمیر

میر واعظ عمر فاروق کا محترمہ ثریا خورشید کے انتقال پر اظہار افسوس

Suraya Khursheed First lady AJKسرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے آزاد جموںوکشمیر کے پہلے منتخب صدر مرحوم خورشید حسن خورشید کی شریک حیات محترمہ ثریا خورشید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محترمہ ثریا خورشید کو عزم و ہمت کی پیکر خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم خورشید حسن خورشید اور ان کی اہلیہ کے میرواعظ خاندان کے ساتھ بہت گہرے اور قریبی مراسم تھے ۔انہوںنے مرحومہ کی سیاسی و ادبی خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی کتابوں کی مصنفہ بھی تھیں ، انہوں نے اپنی زندگی کو ایک عظیم مقصد اور کاز کیلئے وقف کیا تھا اور ان کا انتقال بلا شبہ ایک سیاسی اور تاریخی باب کا اختتام ہے۔
میرواعظ عمر فاروق نے مرحومہ کی دختر یاسمین خورشید،فرزند خرم خورشید اور دیگر پسماندگان کے ساتھ اپنی دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ محترمہ ثریا خورشید گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئی تھیں۔یاد رہے کہ خورشید حسن خورشید(کے ایچ خورشید)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے سیکرٹری بھی رہے ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button