مظفر آباد، ہٹیاں بالا : کشمیری اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے اوریلیاں
مظفرآباد:آزاد کشمیر کی دارالحکومت مظفر آباد میں کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ اور ریلی منعقد کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں و کشمیر عوامی پارٹی کے زیر اہتمام نماز جمعہ کے بعد مظفر اباد میں پریس کلب کے سامنے برھان وانی چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا اور ریلی نکالی گئی ۔ جس کی قیادت عوامی پارٹی کے وائس چیئرمین امتیاز احمد بٹ نے کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی شوکت جاوید میرتھے جبکہ ماجد اعوان، چیئرمین تحریک شباب المسلمین سٹوڈنٹس ونگ ریاض احمد اعوان،محفوظ انقلابی ، سید عبد الصمد ، افتخار عباسی ، بلال فاروقی اور صادق خان اوردیگر مقررین نے مظاہرے سے خطاب کیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اورمظاہرین نے فلسطینی عوام سے بھی بھر پور اظہار یکجہتی کیا ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری اور فلسطینی دو غاصب قوتوں بھارت اور اسرائیل کے خلاف تاریخ ساز جدوجہد کر رہے ہیں اور دونوں کی عظیم قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے اسرائیلی طرز پر بھارتی شہریوں کو مقبوضہ علاقے میں زمینیں الاٹ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں غاصب قوتیں ہیں جو مقبوضہ علاقوں میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غاصب قوتوں کی وحشیانہ کاررائیوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ایک دن ضرور آزادی حاصل کریں گے ۔
ادھرپاسبانِ حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام آزادیِ کشمیر و فلسطین مہم کے تحت ہٹیاں بالامیں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
شہریوں کی بڑی تعدادنے مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے پاکستان، کشمیر اور فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین نے بھارتی دہشتگردی اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔اس موقع پر پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پائیدارعالمی امن کے قیام کیلئے جموں وکشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی فوجی تسلط کو مسترد کرتے ہیں۔ عزیر غزالی نے ہزاروں فلسطینی شہریوں کے قاتل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی ۔