کشمیرکاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ایک بھر پور مہم چلائی جائے گی، چوہدری انوار الحق
اسلام آباد : آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک بھر پور مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر اعظم آزاد جموںوکشمیر نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کشمیری تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور وہ اس سلسلے میں کردار ادا کر بھی رہے ہیں تاہم انہیں اس ضمن میں مزید سرگرمی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے برطانیہ اور یورپ بھر میں کانفرنسوں، سیمیناروں اورمباحثوں کا ایک وسیع خاکہ پیش کیا تاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال اور کشمیریوں کی حالت زار عالمی ایوانوں تک پہنچائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں 5 فروری سے 11 فروری تک برمنگھم، مانچسٹر، لندن، بریڈ فورڈ اور نیلسن جیسے اہم شہروں میں تقریبات ہوں گی۔
دریں اثناءوزیراعظم انوار الحق سے جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے ملاقات کی۔ انہوں نے مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹرینز اور کشمیر کی حمایت کرنے والے گروپوں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر کہا کہ ان کی حکومت مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لیے تمام دستیاب ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کوششیں تیز کرے گی۔ بین الاقوامی مہم کا مقصد نہ صرف کشمیری عوام کی حالت زار کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے بلکہ ان کے حق خودارادیت کی واضح حمایت حاصل کرنا ہے۔