حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، امیر مقام
اسلام آباد: وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر امور کشمیر نے صدر خاور نواز راجہ کی سربراہی میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری اولین ترجیح ہے ، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وزیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگ بھارتی تسلط سے آزادی اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام کیلئے پر عزم ہے ،آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کو تعمیر و ترقی کاگہوارہ بنا کر ایک مثالی خطہ بنائیں گے۔