آزاد کشمیر

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام کوٹلی میں یاسین ملک کی رہائی کیلئے ریلی نکالی گئی

کوٹلی:
جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ ضلع کوٹلی تحصیل ناڑ کے زیر اہتمام یاسین ملک کی رہائی کیلئے ایک ریلی نکالی گئی ۔ریلی کے بعد شہدا کانفرنس منعقد کی گئی ۔
ریلی کی قیادت لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں بالخصوص راجہ حق نواز خان، محمد رفیق ڈار،سلیم ہارون، ساجد صدیقی، عبید شبیر اور دیگر نے کی ۔ریلی کے شرکاء نے محمد یاسین ملک سمیت بھارت کے مختلف جیلوں میں قید حریت رہنمائوں کی رہائی اور مقبوضہ جموںو کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ ریلی کے دوران امن کے نشان فاختاوں کی بڑی تعداد اور غباروں کو فضا میں آزادچھوڑا گیا جبکہ گھوڑ سواروں کے علاوہ مقامی روایتی بینڈ کا دستہ بھی ریلی میں شامل تھا ۔ ریلی ناڑ بازار سے ہوتے ہوئے قریب ایک کھلے میدان میں قائم جلسہ گاہ پہنچ کر اختتام ہوئی۔جلسہ گاہ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی کی صدارت میں شہدا کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی محمد رفیق ڈار تھے جبکہ نظامت کے فرائض سینئر رہنما شفقت مغل نے سرانجام دیے۔شہدا کانفرنس میں مرکزی سردار محمد انور خان، اعظم ضیا، ملک اسلم، غازی سہیل احمد کٹاریہ، عبدالرحیم ملک ایڈووکیٹ، سردار ارباب ایڈووکیٹ، نصرت قریشی، اشفاق مرشد، راجہ مختار احمد، سجاد یونس،ساجد نوشاد، حق نواز راجہ، لیاقت نقشبندی، راجہ پرویز، ابرار افتخار،غلام اویس، بلال کشمیری اور پارٹی کے دیگر متعدد رہنما و کارکنان کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شہدا کانفرنس سے مقررین نے تحریک آزادی میں ہمارا کردار، جاری جدوجہد کے تقاضے، یاسین ملک سمیت کشمیری رہنمائوںکی رہائی، بین الاقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی، مقبوضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاںاور جموں وکشمیر کے ریاستی تشخص کو پامال کرنے کے منصوبوں جیسے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے اتفاق رائے سے ایک اعلامیہ منظور کیاگیا ۔اعلامیہ میں شہدائے جموں وکشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ادھورے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔اعلامیہ میں جموں وکشمیر کو ایک ناقابل تقسیم سیاسی وحدت قرار دیتے ہوئے ریاست کی آزادی، وحدت و حق حاکمیت کی بحالی اور خوشحالی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیاگیا۔شرکاء نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں گذشتہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے بھارت سے محمد یاسین ملک سمیت غیر قانونی طورپر نظر بند تمام حریت رہنمائوں کی فوری و غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔کانفرنس کے شرکاء نے گروپ بیس کے ممالک کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن، پائیدار اور مستقل حل کو ممکن بنانے اور انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے اپنا قلیدی کردار ادا کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button