کشمیری تارکین وطن

مقبول بٹ اور افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے برسلز میں تقریب کا انعقاد

bresu
برسلز:ممتازکشمیری رہنمائوں شہید محمد مقبول بٹ اور شہیدمحمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے برسلز میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دونوں شہدا ء کی برسیوں کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ نے برسلز میں اپنے مرکزی سیکرٹریٹ میں کیا تھا ۔ کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جدوجہد آزادی میں مقبول بٹ اور افضل گورو کے کردارکو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا ء کو نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا مقبول بٹ اور افضل گورو نے اپنے پیارے وطن کی آزادی کے لیے بے مثال جدوجہد کی اوراس جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ علی رضا سیدنے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ مقبول بٹ اور افضل گورو کی میتوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ان کے اہل خانہ کے حوالے کرے تاکہ ان کی آخری رسومات اور باوقار تدفین کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں عظیم شہدا ء حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد میںمشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ افضل گورو کو جھوٹے الزام پر پھانسی دی گئی اور مقبول بٹ کو بھی بھارتی ناجائز قبضے سے جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ علی رضا سید نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کے قتل عام ،انسانیت کے خلاف جرائم اور وادی کشمیر میں مسلسل فوجی پابندیوں سے کشمیریوں کی پرامن تحریک کو دبانہیں سکتا۔ دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارتی حکام کی طرف سے کیے گئے وعدے کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت نے محمد افضل گورو کو بھارتی پارلیمنٹ پر حملے سے متعلق ایک جھوٹے مقدمے میں9فروری 2013کو نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دی تھی۔ تحریک آزادی کشمیر میں کرداراداکرنے پر اسی جیل میں 11فروری 1984کومقبول بٹ کو بھی پھانسی دی گئی تھی۔ مقبول بٹ اور افضل گورو کی میتیں تہاڑ جیل کے احاطے میں ہی دفن ہیں۔ڈاکٹر منظور ظہور، خالد جوشی، سردار محمود قبال، سردار صادق، را ئومستجاب، سردار ظہیر زاہد، شیراز راج، فیصل رضوی، عمران ثاقب، حافظ انیب راشد، ندیم بٹ، زاہدشاہ، چوہدری ناصر، شازیہ اسلم، راجہ عبدالقیوم،مہرندیم اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button