بھارت :کسانوں کے احتجاج کے دوران ریاست پنجاب میں انٹرنیٹ سروس معطل
چندی گڑھ: بھارت میں کسانوں کے اپنے مطالبات کے حق میں کل ملک گیر ہڑتال کے اعلان کے بعد ریاست پنجاب کے بعض حصوں میں انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کے حکم پر ریاست کے اضلاع پٹیالہ، سنگرور اور فتح گڑھ صاحب اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز کل جمعہ تک معطل کر دی گئی ہیں۔ پٹیالہ کے علاقوں شترانہ، سمانہ، گھنور، دیوی گڑھ اور بلبھیرا، سانگرور میں خانوری، مونک، لہرا، سنم اور چھجلی جبکہ فتح گڑھ صاحب کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ سروسزمعطل کی گئی ہیں۔ کسانوں کی طرف سے ملک گیر ہڑتال کے اعلان کے بعد بھارتی وزارت داخلہ نے انڈین ٹیلی گراف ایکٹ1885کی دفعہ7کے تحت ان اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کا حکم جاری کیا ہے ۔ حکم نامے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کل نصف شب بارہ بجے تک انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی ۔ریاست ہریانہ کی حکومت نے پہلے ہی امبالہ، کروکشیتر، کیتھل، جند، حصار، فتح آباد اور سرسا اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروسزکو معطل کر دیا ہے۔کسانوں کے مطالبات کے حق میں سمیوکت کسان مورچہ اور کسان مزدور مورچہ نئی دلی چلو مارچ کی قیادت کر رہے ہیں ۔ کسانوں کے مطالبات میں فصلوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت کی قانونی ضمانت اور قرضوں کی معافی شامل ہے۔