ہندو انتہا پسند تنظیمیں مودی حکومت کی سرپرستی میں ہندوتوا نظریے کو فروغ دے رہی ہیں
اسلام آباد 17فروری(کے ایم ایس)بھارت میں سنگھ پریوار سے منسلک ہندو انتہا پسند تنظیمیں مودی کی زیرقیادت حکومت کی سرپرستی میں ہندوتوا نظریے کو فروغ اورمذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے شعلوں کو ہوا دے رہی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق مودی کی طرف سے ہندوتوا نظریے کی حمایت مذہبی دہشت گردی کو ہوا دینے کوشش ہے ۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ سنگھ پریوار کے رہنمائوں اور کارکنوں کو بھارت میں اپنا انتہا پسند ایجنڈانافذ کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتی حکومت بھارت میں اختلاف رائے کودبانے کے لیے طاقت کاوحشیانہ استعمال کر رہی ہے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جو ظلم کیا جا رہا ہے وہ ہندوتوا کے نظریے کو نافذ کرنے کا عملی اظہار ہے۔ اسی طرح اپنے حقوق کے لیے جدوجہد اور احتجاج کرنے والے کسانوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال نے مودی حکومت کی دہشت گردی کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی اور ہندو انتہا پسند تنظیموں کی تاریخ تشدد اور تعصب سے بھری پڑی ہے اور اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی نے بھارت کی مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد کو ہوا دی ہے۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین بنارہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی بھارت کو ایک ہندو ریاست بنانے پر تلی ہوئی ہے جس میں اقلیتوں کو دوسرے درجے کے شہری کے طور پر رہنے پر مجبور کیا جائے گا۔رپورٹ میں کہاگیاکہ کہ ہندوتوا کارکن پورے بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر ہندو ثقافت مسلط کرنے کے لیے تشدد کاسہارالے رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مودی حکومت اور ملک کی عدلیہ ہندو قوم پرست ایجنڈے کے نفاذکے لیے انتہاپسندوں کو بچا رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا ہندوتوا دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور مذہبی اقلیتوں کو ریاستی ظلم و ستم سے بچانے کے لیے آگے آئے۔