بھارت :گجرات میں سی آر پی ایف اہلکار نے 8سالہ بچے کو اغوا کر کے قتل کر دیا
احمد آباد:بھارت میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست گجرات میں پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے 8 سالہ بچے کو اغوا کر کے قتل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آر پی ایف کانسٹیبل شیلیندر راجپوت نے ضلع بھروچ کے علاقے انکلیشور میں اپنے پڑوسی بچے کو اغوا کر کے قتل کر دیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشال اوزا نے بتایا کہ سی آر پی ایف کانسٹیبل شیلیندر راجپوت نے جو اس وقت مدھیہ پردیش کے شہر گوالیارمیں تعینات ہے،بچے کو اغوا کیا اور اس کے والدین سے 5لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ وہ اسٹاک مارکیٹ میں ہونے والے نقصان کی وجہ سے مقروض تھا۔کشال اوزا نے صحافیوں کو بتایا کہ مقتول شبھم راجپال جمعرات کو لاپتہ ہو گیا تھا اور اس کے اہل خانہ نے اسی دن پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس افسرنے بتایا کہ لڑکے کی لاش راجپوت کے گھر سے برآمد ہوئی جس کے ہاتھ پائوں بندھے اور منہ پر ٹیپ لگی ہوئی تھی۔انہوں نے کہاکہ شیلیندر راجپوت مبینہ طور پر بچے کولالچ دیکر اپنے گھر لے گیا اور اسے بندکر دیا تاکہ اس کے والدین سے رقم کا مطالبہ کرسکے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ سی آر پی ایف کانسٹیبل لڑکے کے لاپتہ ہونے کے بعد علاقے میں پولیس کی موجودگی کی وجہ سے لاش کو ٹھکانے نہیں لگاسکا۔