مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جبر و استبداد کا سلسلہ مسلسل جاری
اسلام آباد27 اگست (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی جبر و استبداد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور بھارتی فوجی کشمیریوں کو وحشیانہ طریقے سے قتل کر رہے ہیں ، تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں، انکے گھروں کو تباہ اور شہداء کی لاشوں کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری شہدا کی لاشوں کی بے حرمتی معمول بن گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے تازہ کارروائی کے دوران سوپور میں شہدا ء کی لاشوں کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھارتی فوجیوں کو ایک شہید کی لاش کو انتہائی بے رحمی سے کرین کے ذریعے پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی قانون کے تحت لاشوں کی بے حرمتی ایک بڑا جرم ہے۔رپورٹ میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی قابض فوج کشمیریوں میں خوف و دہشت پیدا کرنے کے لیے وحشیانہ کارروائیاں کر رہی ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کشمیر میں مودی کے مظالم کی حالیہ انسانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی کیونکہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں پر جبر و استبداد کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی اور ان کے ساتھیوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیریوں کے خلاف ان کی ظالمانہ کارروائیوں کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں کیونکہ بھارتی چیرہ دستیوں کا سامنا کرنے کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی غیر متزلزل ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم مہذب دنیا کے لیے ایک چیلنج ہے اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو فسطائی بھارتی حکومت کی نسل کشی کی پالیسی کو روکنا چاہیے اور مودی کو مقبوضہ علاقے میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔