مودی حکومت اپنے7سالہ دور میں10لاکھ بھارتیوں کی خودکشی کی ذمہ دارہے: کانگریس
نئی دہلی 08 نومبر (کے ایم ایس)بھارت میں کانگریس پارٹی نے کہاہے کہ نریندر مودی کی بی جے پی حکومت اپنے7 سالہ دور میں تقریباً 10 لاکھ بھارتیوں کی خودکشی کی ذمہ دار ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس پارٹی نے ”بھارت میں خودکشی اور حادثاتی اموات“ کے بارے میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ 2014سے2020 کے درمیان 9,58,275 بھارتیوں نے خودکشی کر کے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا۔کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجیوالا نے ایک بیان میں کہاکہ بی جے پی ”اچھے دن“ کا وعدہ کرکے اقتدار میں آئی لیکن اس کے حصول کے لیے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ رپورٹ میں اعداد و شمار کے ساتھ خودکشی کے حوالے سے اس غیر معمولی سانحے کی نشاندہی کی گئی ہے جو بھارت کو تباہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بے بس شہری حکومت کی انتہائی بے حسی کا شکار ہوکر آخری امیدبھی کھو رہے ہیں اور اپنی جانیں لے رہے ہیں۔کانگریس نے کہا کہ مودی حکومت اپنی عوام دشمن پالیسیوں کو چھپانے کی کوشش میںعوام میں تفرقہ بازی، منفی طرز عمل اور مایوسی کو برقرار رکھنے کا سہارا لے رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خودکشی کرنے والے طلباءکی تعداد میں 55 فیصد، بے روزگاروں میں 58 فیصد اور کسانوں، مزدوروں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں میں 139.37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ہرقسم کی خودکشیوں کی مجموعی تعداد میں 16.24 فیصد اضافہ ہواہے۔