نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کا مسئلہ کشمیر کو ترجیح دینے کا عزم
اسلام آباد:
پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے بہتر سفارتی تعلقات اور ملکی ترقی کے اپنے وژن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ترجیح دینے کا عہد کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شہباز شریف نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران حکومتی ترجیحات کے بارے میں ایوان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کئی اہم اورنازک ملکی مسائل کے علاوہ تنازعہ کشمیر پر بھی بات کی اور کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد کے درمیان مماثلت بیان کی اور قومی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ دونوں قوموںکے حق پر مبنی کاز کی حمایت میں قرارداد منظور کرے۔
انہوں نے اپنے پڑوسیوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مساوات اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی خارجہ پالیسی پر بدستور عمل پیرا رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔