بھارت
بی جے پی حکومت بھارت میں اقلیتی اداروں کو جان بوجھ کر ختم کر رہی ہے: جان دیال
نئی دہلی:بھارت میں انسانی حقوق کے معروف کارکن جان دیال نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے دورحکومت میں اقلیتوں کے تحفظ کے اداروں کو دانستہ طور پر ختم کرنے پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جان دیال نے مولانا آزاد فائونڈیشن کی حالیہ بندش کو اسی رجحان کا مظہرقراردیا۔ انہوں نے 15نکاتی پروگرام اور سچر کمیشن جیسے اہم پروگراموں کو کمزور کرنے کا حوالہ دیا جو اقلیتوں کی تعلیم میں مدد کے لیے بہت ضروری ہیں۔جان دیال نے امدادی اداروں کی عدم موجودگی اوراداروں میں حکومتی ایجنڈے سے منسلک عہدیداروں کی تقرری پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال اقلیتی برادریوں خصوصا مسلمانوں اور عیسائیوں کو پسماندگی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے ان چیلنجوں سے نمٹنے اور بھارت میں شمولیت اور مساوات کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔