پاک فوج کا کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
راولپنڈی: پاک فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور غزہ میں قابض افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے جدوجہدآزادی میں مصروف کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس عزم کااظہار آج جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیاگیا جس کی صدارت بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کی۔ پاک فوج نے غزہ میں ہونے والے جنگی جرائم کی بھی مذمت کی۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کانفرنس کے دوران فوج کے اعلیٰ حکام نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ظلم وجبر پر تشویش کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ پاکستان ہر سطح پرکشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔آئی ایس پی آر نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے حوالے سے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی غیر متزلزل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔