مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت

download (1)سرینگر12 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں کی طرف سے جعلی مقابلوں میں شہریوں کے قتل کے واقعات میں اضافے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگام، سرینگر اوردیگر علاقوں میں جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گزرتا دن کشمیری عوام کے لیے قیامت سے کم نہیں ہے کیونکہ انہیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید کئے گئے اپنے عزیز و اقارب کی تدفین کرنی پڑتی ہے ۔حریت ترجمان نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے شدید سرد موسم کے رات کی تاریکی میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں سے روارکھے گئے غیر انسانی سلوک پر سخت تشویش ظاہر کی ۔ انہوں افسوس ظاہر کیاکہ فوجی آپریشن کے دوران کشمیریوں کی توہین و تذلیل، ظلم و تشدداورجسمانی اور ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جاتا ہے۔انہوں نے بھارت کی طرف سے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے باوجود جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا ۔انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے گھنائونے جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضیا مصطفی جیسے قیدیوں کو جیل سے باہر نکال کرجعلی مقابلوں میں شہید کردیاجاتا ہے ۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر کشمیریوں کے قتل عام ، غیر قانونی گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے پر بھی زوردیا تاکہ جنوبی ایشیا اور پوری دنیا میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جاسکے ۔
ادھر حریت آزاد جموں و کشمیر کے رہنمائوں سید یوسف نسیم، میر طاہر مسعود، سید اعجاز رحمانی اور حسن البنا نے آج اسلام آباد میں ایک اجلاس میں مقبوضہ کے اضلاع سرینگر اور کولگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال اوربھارتی قابض فوج کی مزید55کمپنیوں کی تعیناتی اور وادی کشمیر میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کی دوبارہ تعیناتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button