کل جماعتی حریت کانفرنس کا ڈاکٹر گورو کو شاندار خراج عقیدت ،تنازعہ کشمیر کے حل پر زور
سرینگریکم :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے معروف کشمیری معالج ڈاکٹر عبدالاحد گورو کو ان کے31ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے فوری حل پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے تنازعہ کشمیر کوجنوبی ایشیامیں کشیدگی اور پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگوں کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے عوام کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل کے باوجود جوہری ہتھیاروں اور دفاعی بجٹ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ حریت ترجمان نے کہاکہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعے کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالیں۔ترجمان نے معروف ہارٹ سرجن ڈاکٹر عبدالاحد گورو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے گزشتہ 36سال کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے تمام واقعات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔