مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ کشمیر میں پنڈتوں کے قتل کی ذمہ دار بی جے پی ہے، محبوبہ مفتی
سرینگر 26 فروری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے نامعلو م مسلح افراد کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں سنجے پنڈت نامی بینک گارڈ کے قتل کا ذمہ دار بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو ٹھہرایا ہے۔
محبوبہ مفتی نے پنڈت شخص سنجے کے قتل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایسے واقعات چاہے وہ ہریانہ میں ہوں یا کشمیر میں فائدہ صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی وادی کشمیر میں حالات کو پر امن دکھانے کیلئے اقلیتوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے ۔
محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ بی جے پی علاقے میں اقلیتوں کی زندگیوں کے تحفظ میں ناکام رہی ہے اور وہ وادی میں حالات کو پر امن ظاہر کرنے لیے اقلیتوں کا استعمال کررہی ہے۔