بی جے پی حکومت نے کشمیریوں کے تما م بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں، کانگریس
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کرنے پر بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ کے قائمقام صدر رمن بھلا نے راجوری کے علاقے سندر بنی میں عوامی اجتماعات خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ اور علاقے کے لوگوں کے حقوق چھین کر شدید دھوکہ دہی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو روزی روٹی سے محروم کر دیااور کسانوں کی زمینیں چھین لیں، مہنگائی عروج پر ہے اور بے روزگاری نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جمو ں وکشمیر کا ریاستی درجہ ختم کر کے کشمیریوں کی توہین کی ہے ۔ کشمیری گزشتہ پانچ برس سے زائد عرصے سے اسمبلی انتخابات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی علاقے میں اس لیے اسمبلی انتخابات نہیں کر ا رہی کیونکہ اسے شکست کا خوف لاحق ہے۔ رمن بھلا نے کہا کہ کشمیری ریاستی درجے کا حق واپس لے کر رہیں گے۔