پوری قوم یوم استحصال کے موقع پر بھارتی اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہے،راجہ فاروق حیدر
پاکستان اور کشمیر کے اٹوٹ تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی
اسلام آباد:
آزادکشمیرکے سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آج پوری قوم یوم استحصال کے موقع پر بھارت کے 5اگست2019کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہے،پاکستان اور کشمیر کے اٹوٹ تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ فاروق حیدر نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایک بیان میں پاکستانی قوم کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بے مثال اظہار یکجہتی پراظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں پاکستان ہمارا واحد وکیل اور پاکستانی عوام ہمارے محسن ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ،بھارت کے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کو کھربوں روپے لگا کر بھی عبرتناک شکست ہوئی ،5 اگست کے اقدامات کو مقبوضہ کشمیر کے تمام علاقوں میں بسنے والے مختلف مذاہب کے کشمیریوں نے مسترد کردیا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا اہل پاکستان کے ساتھ لا الہ الا اللہ کا رشتہ ہے ،ہمیں ملکر بھارت کی ہندو توا اور چانکیہ پالیسی کو شکست دینا ہو گی ،پاکستان اور کشمیر اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں ۔سابق وزیراعظم نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے کا واحد غیر مشروط رائے شماری ہے اس آپشن پر سب اکٹھے ہو سکتے ہیں اورانشااللہ کشمیری اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یاست کے تمام قدرتی ،تجارتی راستے پاکستان سے ملتے ہیں ۔