کل جماعتی حریت کانفرنس کا متحد ہوکربھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے پر زور
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی سیاسی، مذہبی اور ثقافتی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بی جے پی کے کشمیر دشمن اور امن دشمن ایجنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد واتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے بی جے پی کی مخالفانہ پالیسی اس کے نسلی تعصب اور ہندوتوا نظریے پر مبنی ہے اور اس کا مقصد ایک ہندو ریاست کا قیام ہے۔ حریت ترجمان نے تنظیم کے ارکان پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شناخت کو مٹانے کی بھارت کی کوششوں کا متحد ہو کر مقابلہ کریں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نہ صرف کشمیریوں کے تشخص کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے بلکہ سیاسی سرگرمیوں کو دبارہی اور مظلوموں کی آواز وںکو خاموش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سول سوسائٹی کے ارکان، علمائے دین، ماہرین تعلیم، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ دورے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ایک مذاق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرکی حقیقی صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دیرینہ تنازعہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تنازعے کا حل نہ ہونا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔