راہل گاندھی نے بی جے پی لیڈر کے بلامقابلہ منتخب ہونے پر لو ک سبھا انتخابات کی ساکھ پر سوال اٹھادئے
نئی دلی: بھارت میں کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے ریاست گجرات کے لوک سبھا کے حلقے سورت سے بھارتیہ جنتاپارٹی کے امیدوار مکیش دلال کے بلا مقابلہ منتخب ہو نے پر بھارتی پارلیمانی انتخابات کی ساکھ پر سوال اٹھا دیئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کانگریس پارٹی کے امیدوار نیلیش کمبھانی کے کاغذات نامزدگی منسوخ ہونے اوربی جے پی لیڈر مکیش دلال کے بلا مقابلہ منتخب ہونے پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔انہوں نے بی جے پی لیڈر کی بلامقابلہ جیت کا موازنہ آمریت سے کرتے ہوئے کہاکہ "آمریت کا اصلی ‘چہرہ’ ایک بار پھر عوام کے سامنے ہے”۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے عوام سے اپنا لیڈر چننے کا حق چھیننا جو آئین کو تباہ کرنے کی طرف ایک اور قدم ہے ۔
ادھرکانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بھی ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت میں جمہوریت خطرے میں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس نشست سے کانگریس پارٹی کے امیدوارکے کاغذات نامزدگی منسوخ کر دیے گئے جبکہ بی جے پی کے سواباقی سب امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سورت کی نشست پر لوک سبھا انتخابات کامیچ فکس تھا۔