بھارت

مودی حکومت نے کانگریس کے بینک اکائونٹس منجمد کرکے جمہوریت پر حملہ کیا ہے ، سینئر لیڈر اجے ماکن

Ajay MakenAjay Maken

نئی دلی:بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے کہاہے کہ ملک میں عام انتخابات سے قبل پارٹی کے تمام بینک اکائونٹس کو منجمد کردیاگیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر اجے ماکن نے نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے تمام بینک اکائونٹس کومحکمہ انکم ٹیکس نے منجمد کر دیا ہے اورجو چیک بھی ہم جاری کر رہے ہیں وہ آنر نہیں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یوتھ کانگریس کا بینک اکائونٹ کوبھی منجمد کردیا گیا ہے اور محکمہ انکم ٹیکس نے پارٹی سے210کروڑ روپے کی وصولی کا مطالبہ کیا ہے۔ اجے ماکن نے کہاکہ صرف بینک اکاونٹس ہی منجمد نہیں کئے گئے بلکہ بھارت میں جمہوریت کو تالا لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت نے ہندوستان میں جمہوریت کو لاک آئوٹ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ آیا اب ملک میں ایک ہی سیاسی پارٹی(بی جے پی)کی مرضی چلے گی؟ انہوں نے کہاکہ ملک میں عام انتخابات سے قبل اس طرح کی آمرانہ کارروائی سے ظاہر ہو گیا ہے کہ حکومت ملک میں حزب اختلاف کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے اکائونٹس میں موجود پیسے عوامی عطیات سے وصول کئے گئے ہیں یہ امیروں کا پیسہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی لاک ڈائون اور جمہوریت پر قدغن ہے۔اجے ماکن نے کہا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کی طر ف سے مبہم انتخابی فنڈنگ کے نظام الیکٹورل بانڈز نامی سسٹم کو غیر آئینی قراردئے جانے کے بعد جوکارروائی حکمران بھارتیہ جنتاپارٹی کے کے خلاف کی جانی چاہیے تھی وہ ملک کی حزب اختلاف کی مرکزی پارٹی کے خلاف کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی کارروائی کی آزاد ہندوستان میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے اعلان کیاکہ کانگریس پارٹی اس کارروائی کیخلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کریگی ۔
ادھر کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لوک سبھا انتخابات سے عین قبل اپوزیشن کی بڑی جماعت کے بینک اکائونٹس کو منجمد کئے جانے کو ہندوستانی جمہوریت پر حملہ قراردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ طاقت کے نشے میں دھت مودی حکومت نے کانگریس پارٹی کے بینک اکائونٹس منجمد کر دیے ہیں جوبھارت میں جمہوریت پربڑا ا حملہ ہے۔
دریں اثناء کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے ایک پوسٹ میں کہاہے کہ پارٹی کے بینک اکائونٹس مودی حکومت کے ایما پر منجمد کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم آمریت کے سامنے نہ جھکے ہیں اور نہ کبھی جھکیں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button