میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے کشمیریوں کو رمضان المبارک کی آمد کی مبارک باد
سرینگر :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میرواعظ کشمیر محمد عمر فاروق نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد پر عالم اسلام خصوصا مسلمانان کشمیر کومبارکباد پیش کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مقدس مہینہ ہمیں ایک بار پھر اللہ کی قربت حاصل کرنے کا ایک قیمتی موقعہ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بیشک یہ مہینہ صرف فجر سے مغرب تک روزہ رکھنے کا ہی مہینہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک عظیم روحانی سفر سے عبارت مہینہ ہے جو ہمیں نماز ، دیگر عبادت کے ساتھ ساتھ قرآن کریم میں پوشیدہ گہری حکمت کو سمجھنے کی دعوت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر ، عاجزی ، انکساری اور سخاوت کادرس دیتا ہے اوریہ وہ مہینہ ہے جب اللہ تعالیٰ کی رحمتوںاور بخششوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ۔میرواعظ نے کشمیری عوام کوتاکید کی کہ وہ اس بابرکت مہینے کی رحمتوں اور برکتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو اللہ کی عبادات کیلئے وقف کریں اورنہ صرف کلام پاک کی تلاوت کریںبلکہ قرآن کریم کے عظیم اور گہرے مفہوم کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ میرواعظ نے دعا کی کہ یہ رمضان ہم سب کے لیے بے پناہ برکتوں، سکون، آپسی بھائی چارہ اور روحانی ترقی کی نوید لیکر آئے۔