مقبوضہ جموں و کشمیر

قابض انتظامیہ کشمیریوں سے ان کی جائیدادیں اور قدرتی وسائل چھین رہی ہے

APHC (1)

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے کہاہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت قابض ہندوتوا انتظامیہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں سے ان کی جائیدادیں اور قدرتی وسائل چھین رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدام کے بعدسے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط کے خلاف کشمیر عوام کی مزاحمت کو دبایا نہیں جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کرہا ہے جن میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اور جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کیاگیا ہے۔ اجلاس میں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے پر پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا گیا۔حریت رہنمائوں نے اس موقع پر اپنی تقاریر میں کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں جبر و استبداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد کشمیراور بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر تشدد میں اضافہ ہوا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی مقدس تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔ حریت رہنمائوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے مظالم کا نوٹس لیں۔ انہوںنے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی منظورشدہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دبا ئوڈالے ۔اجلاس میں مجاہد کمانڈرشہید ریاض احمد نائیکو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیاگیا۔شہدائے کشمیر اورشہدائے فلسطین کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔اجلاس میں حریت رہنمائوں شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، سید فیض نقشبندی، محمد رفیق ڈار، سید یوسف نسیم، محمد حسین خطیب، میر طاہر مسعود، نثار مرزا، چوہدری شاہین اقبال، ایڈووکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز رحمانی، حسن البنائ، راجہ خادم حسین،محمد شفیع ڈار، شیخ محمد یعقوب، ثنا اللہ ڈار،حاجی سلطان بٹ، الطاف حسین وانی،الطاف احمد بٹ، میاں مظفر، جاوید اقبال بٹ، دائود یوسفزئی، شیخ عبدالماجد، گلشن احمد، منظور احمد ڈار، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، عدیل مشتاق وانی، عبدالمجید لون، سید کفایت حسین رضوی، سید مشتاق، محمد اشرف ڈار اوردیگر نے شرکت کی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button