بھارت کشمیریوں کی مزاحمت کو ناکام فوجی حربوں سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر28اگست (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جاری لاقانونیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں حالیہ تیزی کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے اورحق خود ارادیت کے حصول کی ان کی جائز آواز کو خاموش کرانے کے مذموم بھارتی منصوبے کا حصہ ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران طاقت کے وحشیانہ استعمال ، من گھڑپ الزامات کے تحت نوجوانوں کی گرفتاری اور دن دیہاڑے ان کے قتل کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان بھیانک واقعات نے عالمی برادری کے سامنے بھارتی ریاستی دہشت گردی ، اسکے نام نہا دعدالتی نظام اور جمہوریت کو بے نقاب کردیا ہے۔ حریت ترجمان نے حق خود ارادیت کے اپنے جائز مطالبے کے حوالے سے لوگوں کی مضبوط مزاحمت اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنی شکست نظر آرہی ہے اور اب افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاکو دیکھتے ہو ئے وی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے اور مقبوضہ جموں کشمیر میں عوامی مزاحمت کو اپنے ناکام فوجی حربو ںسے دبانے کی بار بار کوشش کر رہا ہے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں مدد کریں۔ ترجمان نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری نسل کشی ، گرفتاریوں ، ماورائے عدالت قتل ، املاک کی تباہی اور کشمیریوں کی عزت و وقار کی بے حرمتی کے بہیمانہ سلسلے کو بھی فوری طور پر بند کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گھناﺅنے مجرمانہ ریکارڑ پر بھارت کے خلاف عالمی جنگی ٹربیونل میں مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔