حکمران بھارتیہ جنتاپارٹی نے اپنے آفیشل ایکس اکائونٹ سے مسلم مخالف ویڈیو ڈیلیٹ کر دی
نئی دلی: بھارت کی حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی نے شدید تنقید کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کی گئی مسلم مخالف ویڈیو ڈیلیٹ کردی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حکمران ہندوتوا جماعت بی جے پی نے انتخابی قواعد و ضوابط کی پابندی کے باوجود ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے اورمسلمانوں سے نفرت کو بھڑکانے کیلئے سوشل میڈیا پر ایک سرکاری اکائونٹ سے مسلم مخالف توہین آمیز ویڈیو جاری کی تھی ۔ ویڈیو میں اپوزیشن کی کانگریس پارٹی کو مخصوص ہندو کمیونٹیز اور قبائل کے مقابلے میں مسلم اقلیت کو غیرمتناسب فائدہ پہنچانے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا۔کانگریس نے الیکشن کمیشن میں درج کرائی گئی اپنی شکایت میں کہا کہ بی جے پی ان ویڈیوز کو ملک میں فساد پھیلانے اور مختلف کمیونٹیوں کے درمیان نفرت اوردشمنی پیدا کرنے کے لیے شیئر کررہی ہے ۔الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو کو قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے کہا تھاکہ ایسی پوسٹ بھارتی قانون کی خلاف ورزی ہے۔گزشتہ روز بی جے پی کے آفیشل ایکس اکائونٹ سے اس ویڈیو کو ہٹادیاگیا ہے۔بھارت میں جاری لوک سبھا انتخابات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل عوامی تقاریر کے دوران مسلم مخالف بیانات دے رہے ہیں۔انہوں نے ایک انتخابی ریلی کے دوران مسلمانوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے والے اور درانداز قرار دیاتھا۔انہوں نے مزیدکہا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آگئی تو وہ بھارت کی دولت دراندازوں میں تقسیم کردے گی جو زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کرتے ہیں۔