بھارتی حکومت پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو انتخابی مہم چلانے سے روک رہی ہے، محبوبہ مفتی
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت ان کی پارٹی اور نیشنل کانفرنس کو مقبوضہ کشمیر میں انتخابی مہم چلانے سے روک رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مقبوضہ علاقے میں اپنی کٹھ پتلیوں کو ہرممکن سہولتیںاور فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ راجوری اورپونچھ میں الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی مودی حکومت کی مداخلت کا ہی نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ راجوری کے عوام کو دھمکیاں دی جارہی ہے کہ اگر انہوں نے الیکشن میں بی جے پی کو ووٹ نہیں دیاتو انہیں 1947جیسی صورتحال کا دوبارہ سامنا کرنا پڑسکتا ہے جب پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں مسلمانوںکا قتل عام کیاگیا تھا۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں ترال کا دورہ کرنے سے روک دیاگیا تھا ۔