ایرانی صدرابراہیم رئیسی کی موت کے سوگ میں بڈگام ہڑتال
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع بڈگام کے علاقے ماگام میں لوگوں نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے پر آج مکمل ہڑتال کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حامی کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ ایرانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پرقصبے میں دکانیں بند اورسڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی اورلوگ صدر رئیسی کی موت پر پانچ روزہ سوگ منا رہے ہیں۔ماگام کے نوجوانوں نے ایرانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی نکالی۔اس سے قبل پیر کو جیسے ہی صدر رئیسی کی موت کی خبر پھیلی، کشمیری مسلمان سرینگر کے تاریخی گھنٹہ گھر، بڈگام کے علمگری بازار اور ماگام سمیت مختلف مقامات پر جمع ہوئے ۔ انہوں نے اظہار تعزیت کے لیے پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے اور موم بتیاںجلائیں ۔
دریں اثناء پاکستان کے معروف اسکالر اور سیاستدان سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایرانی صدر کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ کشمیر اور فلسطین کے لیے ایک متحرک آواز تھے۔