مدھیہ پردیش میں 5سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل،خاتون سرپنچ کی برہنہ لاش برآمد
نئی دلی 28 دسمبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پانچ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ لاپتہ بچی کی لاش ضلع ہوشنگ آباد کے علاقے سوہاگ پور میں اس کے گھر کی چھت پر کپڑے میں لپٹی ہوئی پائی گئی ہے ۔پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیاہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بچی کے ایک ہمسائے کو حراست میں لیاگیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے ۔
ادھرریاست مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں ایک خاتون سرپنچ کو قتل کر کے اس کی برہنہ لاش جھاڑیوں میں پھینک دی گئی ہے۔خاتون کے جسم پر زخموں کے نشانات موجود ہیں۔خاتون کی شناخت مقامی گرام پنچایت کی سرپنچ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقامی لوگوں نے خاتون کو سرکاری ہسپتال پہنچایا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے بارے میں تفتیش کر رہی ہے ۔