بھارت: گرمی کی لہر ، پر ی مون سون بارشوں کیوجہ سے 25سے زائد افراد ہلاک
نئی دلی: بھارت میں شدید موسمی حالات جان لیوا ثابت ہورہے ہیں۔ کیرالا میں پری مون سون بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے سات افراد ہلاک ہوئے ہیں، راجستھان میں شدید گرمی سے12 ،مدھیہ پردیش میں چار اور ہریانہ میں دو افرادہلاک ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راجستھان میں شدید گرمی بڑے پیمانے پر لوگوں کی ہلاکت کا سبب بن رہی ہے۔ گرمی کی وجہ سے ریاست میں اب تک کل 12 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ اموات جالور علاقے میں ہوئیں ۔ بیکانیر کے مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج میں مشقوں کے دوران ہیٹ اسٹروک سے ایک فوجی کی موت ہوگئی۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے جمعرات کو راجستھان، پنجاب ، مدھیہ پردیش اور گجرات وغیرہ میں گرمی کی لہر اور کیرالا ، تامل ناڈو میں بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ گرمی کے باعث بجلی کی طلب 2 لاکھ 35 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ بجلی کی وزارت کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی کھپت کے تمام وقتی ریکارڈ جلد ہی ٹوٹ سکتے ہیں۔