نریندر مودی اب کی بار ایک کمزور وزیر اعظم ہونگے، کانگریس رہنما
سرینگر:
انڈین نیشنل کانگریس کی رہنما الکا لامبا نے کہا ہے کہ جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل نہیں کی لہذا نریندر مودی اپنی تیسری مدت میں ایک کمزور وزیر اعظم ہوں گے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لامبا نے سری نگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کے پاس اکثریت نہیں ہے ، آمر کمزور ہوتا ہے ، مودی نے آئین میں تبدیلی کے لیے چار سوسیٹیں مانگیں لیکن اکثریت بھی کھو بیٹھے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے اتحاد ’انڈیا“ نے ملک میں جمہوریت کو بچانے میں فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مودی جمہوریت کو کچل نہیں سکیں گے ،وہ جموں و کشمیر اور بھارت کے لوگوں کے حقوق سے انکار نہیں کر سکیں گے ، یہ ہماری جیت ہے۔
کانگریس کی رہنما انے کہا کہ بی جے پی نے وادی کشمیر میں امیدوار کھڑے کرنے کی ہمت نہیں کی کیونکہ جموں و کشمیر پر ان کے لگائے گئے زخم بہت گہرے ہیں۔ لامبا مقبوضہ جموں وکشمیر کے دورے پر ہیں۔