شہدائے عالی کدل کو انکی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت
سرینگر19 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنما جاوید احمد میر نے آج مزار شہداء عیدگاہ سرینگر گئے اور شہدائے عالی کدل کو ان کے 19ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے آزادی پسند رہنما شیخ عبدالحمید کو ان کے ساتھیوں مشتاق احمد لون، ایڈووکیٹ جمیل چوہدری، فیاض احمد شیخ، مشتاق احمد کوٹے، غلام احمد میر، منظور احمد خان، فاروق احمد ڈار، غلام نبی بٹ اور پرویز بلہ سمیت 1992میں آج کے دن سرینگر کے علاقے عالی کدل میں شہید کر دیا تھا۔ جاوید احمد میر نے اس موقع پر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہدا کی بے مثال قربانیوں کوہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی موجودہ سنگین صورتحال عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے لیے چشم کشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے منصفانہ جدوجہد میں جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے ان سے کیا تھا۔جاوید میر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج گزشتہ سات دہائیوں سے بے گناہ کشمیریوں کا مسلسل قتل عامجاری رکھے ہوئے ہیں ۔