مودی کا دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے : وزیر اعظم آزادکشمیر
میرپور: آزاد جموں و کشمیرکے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد دنیا کو علاقے کی حقیقی صورتحال سے بے خبر رکھنا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے ایک بیان میں کہا کہ مودی کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے جنہیں قاتل بھارتی فورسز روزانہ کی بنیاد پر قتل، معذور اور بینائی سے محروم کررہی ہیں۔ انہوں نے مودی اور ان کی پارٹی کی فرقہ پرست سیاست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ہونے والے انتخابات کے دوران مودی نے مسلسل مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف بیان بازی کی۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کے باوجود مودی پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے چوہدری انوار الحق نے خبردار کیا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے خطے میں صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹے فلیگ آپریشنز اور پاکستان اور کشمیریوں کو بدنام کرنے کی مودی حکومت کی ایک تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ امن اور حالات معمول کے مطابق ہونے کے بلندو بانگ دعوئوں کے باوجود مودی نے شکست کے خوف سے حالیہ انتخابات میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک بھی امیدوار کھڑا نہیں کیا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے اورعلاقے کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جبکہ بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔