ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر گرفتار کرنے کی مذمت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینرغلام محمد صفی نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر گرفتار کرنے کے قابض حکومت کے آمرانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے ایک اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ میاں عبدالقیوم کی رہائی کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ میاں عبدالقیوم کو سیاسی انتقام کی بنیاد پر گرفتارکیاگیاہے اوربھارت مزاحمتی رہنما کے عزم کو توڑنے کے لئے ان کے خلاف کالے قوانین کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ میاں عبدالقیوم عمر رسیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ہی گردے پر زندہ ہیں جوذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اورعارضہ قلب میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میاں عبدالقیوم کو 5اگست 2019کو دفعہ370کی یکطرفہ منسوخی کے بعد کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکیاگیاتھا۔ نظربندی کے دوران بھی انہیں دل کا دورہ پڑاتھا جس کے بعد انہیں جیل سے ایس این میڈیکل کالج آگرہ منتقل کیاگیاتھا۔