مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگ بی جے پی کے تکبرکاخمیازہ بھگت رہے ہیں: رمن بھلہ
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے رہنما رمن بھلہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بی جے پی کے تکبر کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رمن بھلہ نے آر ایس پورہ کے بھور کیمپ میں کارکنوں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں بی جے پی اور اس کی پراکسی حکومت بے نقاب ہو چکی ہے کیونکہ عوام کی پریشانیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہیں اورحکمرانوں کو عوام کی پریشانیاں کم کرنے کی کوئی فکر نہیں ہے۔انہوںنے تمام محاذوں پر بی جے پی حکومت کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سیاسی غیر یقینی کی صورتحال کے علاوہ جموں و کشمیر گزشتہ دس سال سے بہتر نظم ونسق کے بحران سے بھی دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے زیر کنٹرول حکومت تمام محاذوں پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اس حساس خطے کے لوگوں کو مشکلات کے سمندر میں دھکیل دیا گیاہے۔رمن بھلہ نے کہا کہ بی جے پی کی پراکسی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے جعلی اعداد و شمار پیش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدانتظامی کے عروج کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج کشمیری عوام اپنی بقا ء کے لیے بجلی اور پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولیات کے لئے بھی ترس رہے ہیں۔