بھارت

حزب اختلاف کی مودی حکومت کے بجٹ پر کڑی تنقید

download (3)نئی دلی : بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے تیسری بار برسراقتدار آنے کے بعد مودی حکومت کے پہلے بجٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے ملک کی ترقی کا نہیں بلکہ ‘مودی حکومت بچائو’ بجٹ پیش کیا ہے۔
کشمیرمیدیاسروس کے مطابق لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے ایکس پرایک پوسٹ میں مودی حکومت کے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس بجٹ سے اشرافیہ کو فائدہ ہو گا جبکہ بجٹ میں عوام کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کا بجٹ کانگریس کے انتخابی منشور اور سابقہ بجٹوں کی نقل ہے۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس میں مودی حکومت کے بجٹ کو مایوس کن قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا اقتدار بچانے اور اپنے دوستوں کا بھلا کرنے کیلئے یہ بجٹ پیش کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے دس سال بعدملک کے نوجوانوں کے لیے محدود اعلانات کئے ہیں جو سالانہ دو کروڑ ملازمتوں کے دعوئوں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں ۔کانگریس صدر نے کہاکہ بجٹ میں دلت، قبائلیوں، پسماندہ، اقلیت، متوسط طبقوں اور غریبوں کے لیے کوئی انقلابی منصوبہ پیش نہیں کیاگیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ خواتین کی ترقی کے لیے بھی اس بجٹ میں کچھ نہیں ہے ۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ حکومت نے بجٹ میں شہری و دیہی ترقی، مینوفیکچرنگ ، پالیسی، نظریہ اور تجزیہ وغیرہ کی بات کی ہے،تاہم اس سلسلے میں کوئی بڑا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بجٹ مودی حکومت کی حیرت انگیز ناکامیوں اورجمہوریت اور آئین کے خلاف ورزیوں کا مجموعہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ بجٹ میں کسانوں کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی بھارت میں پے درپے ہونے والے ریل حادثات کے متاثرین کیلئے بھی کچھ نہیں رکھاگیا ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے کہاکہ مودی حکومت نے نوجوانوں کیلئے کانگریس پارٹی کے منصوبوں کو کاپی پیسٹ کیاہے۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی مودی حکومت کے بجٹ پرکڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ یہ بجٹ صرف ایک پارٹی کو خوش کرنے کیلئے تیار کیاگیا ہے ۔عام آدمی پارٹی کی رہنماء اور دلی حکومت کی وزیر آتشی سنگھ نے بجٹ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اس بجٹ سے ریاست نئی دلی کو کچھ نہیں ملا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مودی حکومت کا بجٹ دھوکے اور الفاظ کے ہیر پھیر پر مبنی ہے ۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے منگل کو بھارت کا بجٹ پیش کیاہے ۔بجٹ پر حزب اختلاف کی پارٹیاں مسلسل سوال اٹھانے کے علاوہ اسے اپنی حکومت بچانے کی مودی حکومت کی ایک کوشش قراردے رہی ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button