تمام سیاسی جماعتیں لوگوں کے حقوق کے لیے متحد ہو جائیں:تاریگامی
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کے لئے متحد ہو جائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف تاریگامی نے ضلع کولگام کے علاقے لارو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لوگوں کے جمہوری حقوق کی بحالی اور تحفظ کے لیے اجتماعی آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سی پی آئی-ایم نے بائیں بازو کی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ 5اگست 2019کوخصوصی آئینی حیثیت چھین کر کشمیر ی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف پارلیمنٹ میں آواز بلند کریں۔محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ موجودہ صورتحال مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے انتہائی پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019کواور اس کے بعد جو کچھ بھی بتایا گیا وہ اس سے مختلف ہے جو ہم دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کہا گیا اور جو کیا گیا اس میں واضح فرق ہے۔