کرالہ گنڈ کپواڑہ میں پانی کی شدید قلت، شہری آلودہ پانی پینے پر مجبور
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقے کرالہ گنڈمیں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور علاقہ مکین مقامی ندی کا آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر کرالہ گنڈ سے محض چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دیہات گزشتہ کئی سالوں سے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں، تاہم حکام بارہا درخواستوں کے باوجود کوئی ٹھوس اقدام کرنے میں ناکام رہے۔مکینوں کا کہناہے کہ نلکے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث وہ مقامی ندی کا آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس سے ان کی زندگیوں کو ہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی قریب میں متعدد افراد آلودہ پانی پینے سے بیماریوں میں مبتلاہوئے ہیں۔
ایک طرف نریندرمودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ترقی اورخوشحالی کے بلند وبانگ دعوے کرتے تھکتی نہیں اوردوسری طرف عام شہری پانی جیسی بنیادی ضرورت سے بھی محروم ہیں۔بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی اصل صورتحال کے بارے میں مسلسل جھوٹ بول رہا ہے لیکن زمینی حقائق اس کے دعوئوں کے بالکل برعکس ہے۔