یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مظفر آباداور کوٹلی میں احتجاجی مظاہرے
مظفرآباد:یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آج مظفر آباد میں پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس میں خواتین ، بزرگوں اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، راہنما پیپلز پارٹی شوکت جاوید میر ، کشمیر یونائیٹڈ مومنٹ کے راہنما عظمت حیات کشمیری ، جاوید احمد مغل اور مہناز قریشی نے کی ۔مظاہرین نے سیاہ جھنڈے لہرائے اور ماتھے پر کالی پٹیاں باندھی تھیں۔ انہوںنے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں اقوامِ متحدہ سے 5اگست 2019کے بھارتی اقدامات کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیاگیا تھا۔ احتجاجی مظاہرین”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”،”خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا”،”بھارتی غاصبو جموں و کشمیر چھوڑ دو” ،”یہ جنگ ہے جنگ آزادی”،”ہم چھین کے لیں گے آزادی”،”ہے حق ہمارا آزادی” جیسے نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی ، راج ناتھ سنگھ ، اجیت ڈوول اور امیت شاہ کے پتلے بھی نظر آتش کئے ۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی فوجی قبضے اور 5آگست 2019کے تمام اقدامات کو مسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ مظاہرین نے شاہ سلطان پل سے اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر تک مارچ کیا ۔
ادھرمہاجرین جموں و کشمیر ضلع کوٹلی اور جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے زیر اہتمام کوٹلی گلپورمیں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر "حق خودارادیت کشمیر ریلی” نکالی گئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں مہاجرین ، مقامی لوگوں ، طلبا اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ وائس چیئرمین پیر پنجال فریڈم موومنٹ قاضی عمران نے خطاب کیا۔