آزاد کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ڈھونگ انتخابات کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

مظفرآباد:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈھونگ انتخابات کے دوسرے مرحلے کے خلاف آج مظفرآباد میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرے میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر” ہم انتخابات نہیں، آزادی چاہتے ہیں“اور”ہم انتخابات نہیں ریفرنڈم چاہتے ہیں“جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارتی تسلط سے مکمل آزادی اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف اورآزادی کے حق میں نعرے لگائے۔مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انتخابات کو ایک فریب ا ور بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے بھارتی حکومت کی ایک سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات حق خود ارادیت اور آزادی کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔مظاہرین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کی طرف مارچ کیا۔پاسبان حریت جموں و کشمیر کے سربراہ عزیز احمد غزالی، شوکت میر، مشتاق اسلام اوردیگر نے مظاہرین سے خطاب کیا۔
دریں اثنا مقبوضہ جموںوکشمیرمیں نام نہاد اسمبلی انتخابات کے خلاف جموںوکشمیرلبریشن سیل کے زیر اہتمام بھی مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل ،آرٹس اینڈ لینگویجز وجاہت رشید بیگ ،میئربلدیہ عظمیٰ مظفرآباد سید سکندر نثار گیلانی ،ڈپٹی کمشنر مظفرآبادمدثرفاروق ،ڈائریکٹر (انتظامیہ) جموںوکشمیرلبریشن سیل ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان ، ڈائریکٹر (قومی آگاہی ونگ) جموںوکشمیرلبریشن سیل راجہ محمد اسلم خان ،کونسلرز اور سول سوسائٹی کے رہنماں نے کی۔
مظاہرین نے بھارتی ظلم وستم، غیر قانونی قبضہ اور نام نہاد انتخابات کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے میئر بلدیہ عظمیٰ مظفرآباد سیدسکندر نثار گیلانی نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں۔ 10لاکھ فوجیوں کی موجودگی اور غیر قانونی قبضہ میں الیکشن محض ایک ڈرامہ ہے ،بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کو عملاً فوجی چھاﺅنی بنا دیا گیا ہے، تمام آزادی پسند قیادت کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے ۔ کشمیریوں کا مطالبہ انتخابات نہیں بلکہ استصواب رائے ہے ۔
https://www.facebook.com/share/p/pfABctEHQERHjzMm/

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button