کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی حالات زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروںپر زور دیا ہے کہ وہ نظر بندوںکی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے حریت رہنماﺅں ، کارکنوں، کشمیری وکلا، انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور علماءسمیت ہزاروں کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کررکھا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نظر بندوںکو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ، ان کی غیر قانونی نظر بند ی طول دینے کیلئے انہیں عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا ۔ترجمان نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے نام نہاد جمہوری ملک بھارت نے ان ہزاروں کشمیریوںکو جھوٹے اور من گھڑت الزامات پر قید کر رکھا ہے جسکا واحد مقصد انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔انہوںنے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر ان کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے اطراف اکناف میں جاری محاصرے اور تلاشی کی پرتشد د کارروئیوں اور لوگوں کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں تعینات 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے کشمیریوں کا جینا حرام کررکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی بھر پور کوشش کر رہا ہے تاہم کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور شہداءکے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔
ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیاکہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین جرائم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔KMS