فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہیں: اسحا ق ڈار
اسلام آباد:
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بھارت پر زوردیاکہ وہ تعلقات کی بہتری کیلئے سازگار ماحول قائم کرے ۔ انہوںنے بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہاکہ دو طرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے دونوں ملکوں کو کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دو طرفہ اور کثیرالجہتی بات چیت کے ذریعے پاکستان کی سفارتی حیثیت کو بہتر بنانے اور اقتصادی استحکام کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے اقدامات خاص طورپر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پرپاکستان کی دو سالہ مدت کے آغاز کو اجاگر کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہاکہ فلسطینی مسلمانوں کی منظم نسل کشی، اسرائیل کے جنگی جرائم اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، دنیا کو ملکر اسے ختم کرانا ہوگا۔ فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ دنیا کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت پاکستان کیلئے اعزاز ہے، اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرنے پر شکر گزار ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پا سد اری پر عمل کرنے کیلئے پر عزم ہے، دہشتگردی، انتہا پسندی، اسلاموفوبیا اور عدم برداشت جیسے مسائل بڑے چیلنج کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشتگردی کو جڑ سے ا کھا ڑ پھینکنے اور قیام امن کیلئے پرعزم ہے۔اسحاق ڈارنے کہا پاکستان دنیا کو در پیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگا، امید ہے تمام دوست ممالک اور عالمی برادری اس ضمن میں اپنا اپنا کردار بھی جاری رکھیں گے۔وزیر خارجہ نے تقریب کے دوران شریک سفیروں کو سال نو کی مبارک باد بھی پیش کی۔